گریٹر مانچسٹر/ بولٹن(ابرار حسین ) مانچسٹر کی عرب مسلمان خاتون کونسلر آمنہ عبداللطیف نے لیبر پارٹی رہنما سر کیئر سٹارمر کے غزہ کے مسئلہ پر دیئے گئے اسرائیل نواز موقف کے خلاف مانچسٹر سٹی کونسل سے احتجاجاًاستعفی دے دیا۔ انگریزی اخبار کے مطابق مانچسٹر سٹی کونسل کیلئے لیبر پارٹی سے منتخب ہونے والی پہلی عرب مسلمان کونسلر آمنہ عبداللطیف جو سٹی کے قریبی علاقے ارڈوک میں 2019 سے اپنی وارڈ کی بحیثیت کونسلر نمائندگی کرتی چلی آ رہی تھیں، نے کہا کہ ان کے پاس لیبر وہپ سے استعفیٰ دینے اور لیبر پارٹی سے استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا کیونکہ کیئر اسٹارمر اور ان کے متعدد سینئر فرنٹ بینچ نے اسرائیل کے حق کےمیں خوفناک تبصرے کئے۔ آمنہ عبداللطیف نے کہا کہ وہ 10 سال سے لیبر ممبر رہی ہیں لیکن اب وہ اپنے ضمیر کے مطابق آزاد انہ طور پر اپنی کمیونٹی کی خدمت کریں گی، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت اجتماعی سزا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ غیر انسانی اور غیر شعوری ہے۔