کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو لیول پلینگ فیلڈ ملے یا نہ ملے، 8 فروری کو جیت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی، آنے والے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم بھی جیالے ہونگے، ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان اتحاد کا نقصان ان دونوں جماعتوں کو اٹھانا پڑیگا، جب تک انکا بیانیہ ووٹ کی عزت کا تھا ہم انکے ساتھ تھے، جب وہ اپنے بیانیہ سے ہٹے تو ہم انکے ساتھ نہیں چل سکے، الیکشن کے بعد ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت دے سکتی ہے۔ کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں واقع بلوچ مجاہد فٹ بال اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد وہاں جمع ہونے والے پارٹی کارکنان و عوام سے خطاب کرتے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ڈی ایم کی سابقہ دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم زبردستی کسی کو حکومت میں نہیں لیکر جاسکتے تھے۔