• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حمایت میں قرارداد منظور نہیں، مسلم کمیونٹی کیلیفورنیا

کیلیفورنیا( عارف الحق عارف)امریکی مسلم کمیونٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے حق میں یک طرفہ قرارداد واپس لے کر فلسطینی عوام کے قتل عام کی مذمت کی جائے۔امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر فالسم کی کونسل کے اجلاس کے دوران کونسل کے یک طرفہ فیصلے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔دورانِ احتجاج مسلم کمیونٹی نے اسرائیل کے حق میں یک طرفہ قرارداد پاس کیے جانے کے خلاف احتجاج میں مطالبہ کیا کہ ایسی قرار داد جس میں فلسطینی عوام کے قتل عام، غزہ کے اسپتالوں اور عوام پر ہونے والی اندھا دھند بم باری اور جدید ترین ہتھیاروں کے استعمال، نہتے بچوں اور عورتوں اور جوانوں کی شہادت اور زخمیوں سمیت غزہ میں ہونے والے اربوں ڈالرز کے نقصان کا کوئی ذکر نہیں، اسے واپس لیا جائے اور اس کی مذمت کی جائے۔احتجاج ریکارڈ کروانے کیلئے امریکی مسلم کمیونٹی اور سیکڑوں مظاہرین نے کونسل کے جاری اجلاس میں شرکت کی اور اس یک طرفہ قرار داد کی منظوری اور صہیونی فوجی قبضے اور اس کے جاری ظلم کی مذمت نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں نے احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں مسلمانوں کے ساڑھے 4 سو خاندانوں کے 13 سو افراد رہتے ہیں جن میں بڑی تعداد فلسطینی خاندان کی ہے، 7 اکتوبر سے جاری غزہ کے عوام کے قتل عام پر ان کو شدید تشویش ہے۔انہوں نےکہا کہ کونسل کے میئر اور ارکان کو فلسطین پر گزشتہ 75 برسوں سے فوجی قبضے اور وہاں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، نہتے قدیم فلسطینی باشندوں کی نسل کشی اور ان کی زمینوں سے بے دخلی اور حالیہ بم باری سے ہونے والے اربوں ڈالرز کے نقصان کی بھی مذمت کرنی چاہیے تھی۔ مسلمانوں کے خلاف یہی رویہ رہا تو ہم بھی 2024ء کے الیکشن میں ان امید واروں کو ووٹ دینے کے بارے ایک بار پھر سوچنے پر مجبور ہوں گے جو فلسطین کے معاملے پر ہمارا ساتھ نہیں دیں گے۔انہوں نے فالسم کے یہودی خاندانوں کی طرف سے اس جارحیت کی مذمت اور غزہ میں جنگ بندی کے مطالبہ کا خیر مقدم بھی کیا۔
یورپ سے سے مزید