• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

القسام بریگیڈز کی شمالی غزہ کے کمانڈر سمیت 5 رہنماؤں کی شہادت کی تصدیق

غزہ (اے ایف پی) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فورسز کی جارحیت کے دوران شمالی غزہ میں اپنے بریگیڈ کمانڈر اور 4دیگر سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے.

 القسام کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ احمد الغندور ان کی ملٹری کونسل کے رکن تھے جو تین دیگر سینئر رہنماؤں کیساتھ شہید ہوئے جن میں القسام کے راکٹ ڈویژن کے سربراہ ایمن صیام بھی شامل تھے۔ ان کے علاوہ مغربی کنارے میں بھی القسام کا ایک سینئر رہنما شہید ہوا۔ 

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم اللہ سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ان کے راستے پر چلتے رہیں گے اور ان شہداء کا خون دیگر مجاہدین کیلئے مشعل راہ اور قابضین کیلئے آگ کا کام کرے گا۔

 اعلامیہ میں یہ نہیں بتایا کہ ان رہنماؤں کو کب اور کہاں شہید کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے القسام کے 5 سینئر کمانڈرز کو شہید کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق الغندور 7اکتوبر کے حملے کے مرکزی منصوبہ ساز تھے۔ 

صیہونی فوج کے مطابق صیام گزشتہ 15 برس سے حماس کے راکٹ ڈویژن کے سربراہ تھے۔

 اسی طرح الغندور کے نائب اور شمالی غزہ میں پولیس کے سابق سربراہ وائل رجب، القسام غزہ سٹی بریگیڈ کے سینئر رہنما رفعت سلمان بھی اسرائیلی کارروائیوں میں جام شہادت نوش کرچکے.

 اسرائیلی فوج کے مطابق رفعت سلمان 7اکتوبر کو موٹرائزڈ گلائیڈر کے ذریعے حملے کے منصوبہ ساز تھے۔ القسام کے پانچویں کمانڈر فارسان خلیفہ تھے جو مغربی کنارے میں حماس کے سینئر ترین رہنما تھے اور غزہ کی قیادت کے قریبی ساتھی تھے۔ اسرائیلی فوج نے 50 سے زائد حماس کمانڈرز کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید