• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسل لوڈلمٹ قانون میں ترمیم کی جائے‘ بلوچستان گڈز ٹرک

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا ہے کہ ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون میں 10 اور 22 ویلر گڈز ٹرکوں کے حوالے سے جو وزن طے کیا گیا اس سے 50 فیصد سے زائد گڈز ٹرانسپورٹرز متاثر ہورہے ہیں اس میں ترمیم کرکے 10 ویلر گاڑی پر 45 ٹن اور 22 ویلر پر 90 ٹن وزن اٹھانے کے لئے ترمیم کی جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالباقی کاکڑ ، پنجاب کے صدر چوہدری مقبول حسین ، کراچی کے سابق صدر خالد خان ، سہیل خان کاکڑ ، حاجی عطا اللہ ، ظاہر شاہ ، حاجی روزی خان مندوخیل ، عیسیٰ خان سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے ایکسل لوڈ لمٹ کا نفاذ کیا ہے یہ اقدام پاکستان کی بزنس کمیونٹی ، چیمبر آف کامرس اور ٹرانسپورٹروں کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر کیا گیا جس سے کاروباری لوگوں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید دھچکا لگا اس فیصلے سے زیادہ تر 10 ویلر اور 22 ویلر ٹرالر متاثر ہورہے ہیں اور 50 فیصد سے زائد گڈز کا سامان انہی گاڑیوں میں جاتا ہے ،لہٰذااس قانون میں ترمیم کرکے ٹرانسپورٹروں کو متاثر ہونے سے بچایا جائے۔