• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری سرور برطانیہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے

گلاسگو (نمائندہ جنگ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور برطانیہ کے مختصر نجی دورے کے بعد دبئی کے راستے پاکستان روانہ ہوگئے ۔ وہ 4دسمبر کو پاکستان میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ گلاسگو ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے غزہ میں اسرائیل کے بہیمانہ مظالم کی شدید مذمت کی اور وہاں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے پوری انسانیت کیلئے شرمناک ہے۔ اسرائیل نہتے شہریوں، بچوں اور عورتوں پر جو مظالم ڈھا رہا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرائم میں آتا ہے۔ چوہدری سرور نے فلسطین میں ناجائز تعمیرات کو ختم کرنے اور یروشلم کے دارالحکومت کے ساتھ فلسطین کو ایک آزاد ریاست بنانے کا مطالبہ کیا۔ چوہدری سرور نے بتایا کہ انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز گلاسگو سے بطور کونسلر شروع کیا تھا اور فلسطین پر ایک کانفرنس کے دوران ہم نے فلسطین کا جھنڈا تین دن تک گلاسگو سٹی کونسل پر لہرایا۔ چوہدری سرور نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بعض افراد نے انس سرور کے متعلق یہ شرانگیز اور غلط پروپیگنڈا کیا کہ وہ سیزفائر کو سپورٹ نہیں کررہے حالانکہ اس کے بالکل برعکس انس سرور نے لیبر پارٹی کے رہنما کے طور پر تمام ممبران کو ہدایت کی تھی کہ جنگ بندی کے حق میں ووٹ دیں اور اسی وجہ سے اسکاٹش پارلیمنٹ نے28کے مقابلے میں98ووٹوں سے سیزفائر کے حق میں فیصلہ دیا، صرف کنزرویٹو پارٹی نے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ چوہدری سرور نے کہا کہ جب وہ برطانیہ میں تھے، کئی بار وفد لے کر فلسطین جاتے رہے اور مسئلے کو اجاگر کرتے رہے۔
یورپ سے سے مزید