کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیاسی رہنماؤں نے اعلان شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کا انعقاد ملک کیلئے انتہائی ضروری قرار دیدیاہے۔
جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ الیکشن ملتوی ہوئے تو ملک میں انتشار پھیلے گا ۔
سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ سپریم کورٹ اب الیکشن ملتوی کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔
ترجمان چیئرمین پی ٹی آئی نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ وقت پر صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد انتہائی اہم ہے۔
میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنا بندہ پی ٹی آئی کا چیئرمین لگوا کر بڑا تڑکا لگوایا ہے، بیرسٹر گوہر خان پچھلے سال تک پیپلز پارٹی میں تھے، پی ٹی آئی کے مارکھانے کے باوجود ساتھ دینے والے لیڈرز کا کیا یہ حق نہیں تھا، پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے ن لیگ پر حملے کررہی ہے۔