کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے تلاش کمیٹی کا اجلاس بدھ 6 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس کی صدارت ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد خود کریں گے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر مختار چئیرمین بنے سے قبل اس کی سینٹ کے رکن بھی ہوتے تھے اور اردو یونیورسٹی کے معاملات میں خاصی دلچسپی لیتے تھے جس کی وجہ سے اس وقت کے وائس چانسلر اور ڈاکٹر مختار کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ 20 نومبر 2023ء کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اردو یونیورسٹی کی سینیٹ نے تلاش کمیٹی کو حتمی شکل دی گئی تھی جس کے مطابق کنوینر کے علاوہ ڈاکٹر نادرہ پنجوانی، شاہد شفیق، ڈاکٹر سروش لودھی، اردو یونیورسٹی کے سینیٹر شکیل الرحمن کے علاوہ یونیورسٹی سے اساتذہ کی نامزدگیوں پر نمائندے ڈاکٹر اخلاق حسین، ڈاکٹر کاشف رفعت اور دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطا 2 ماہ تک عہدے پر کام کرنے کے بعد جولائی 2022ء میں اس لیے مستعفی ہوگئے تھے کہ وہ کینیڈا سے یونیورسٹی چلانا چاہتے تھے، جس کی انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ اس سے قبل سابق وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین عدالتی احکامات پر جولائی 2019ء میں ہٹا دیے گئے تھے اور مجموعی طور پر یونیورسٹی تب ہی سے ایڈہاک ازم پر چل رہی ہے۔