کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کیا گوہر خان چیئرمین پی ٹی آئی کی غیرموجودگی میں پارٹی کو اکٹھا رکھ سکیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات دیکھتے ہوئے نہیں لگ رہا گوہر خان پارٹی کو اکٹھا رکھ سکیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے اگر حامد خان کو نامزد کیا جاتا تو بہتر چوائس ہوتی۔
بینظیر شاہ نے کہا کہ شعیب شاہین اور بیرسٹر علی ظفر ایک ہی بات کررہے ہیں، شعیب شاہین اور علی ظفر دونوں یہی کہہ رہے ہیں کہ گوہر خان نگران چیئرمین ہوں گے پارٹی کے فیصلے اب بھی عمران خان ہی کریں گے
شکوہ یہ ہے کہ بیرسٹر علی ظفر اور گوہر خان نے اکیلے پریس کانفرنس کرلی سب کو شامل نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکمت عملی تھی کہ وکلاء کو ٹکٹ دیئے جائیں لیکن پی ٹی آئی کے وکلاء کے درمیان ہی تقسیم ہوگئی ہے،پی ٹی آئی میں اختلافات دیکھتے ہوئے نہیں لگ رہا گوہر خان پارٹی کو اکٹھا رکھ سکیں گے۔