کراچی (سہیل افضل / افضل ندیم ڈوگر) متحدہ عرب امارات پاکستان میں معاشی استحکام کے لئے تاپی (TAPI) گیس پائپ لائن میں بھی سرمایہ کاری کرے گا ،پاکستان میں آئندہ 2 سے ڈھائی سال کے دوران یو اے ای 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا،یہ بات متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کراچی میں منعقدہ تقریب میں صنعت کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ، انھوں نے بتایا کہ تھر کو ل ریل رابطے ،ٹیلی کام انفرااسٹرکچر،کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر ،گلگت بلتستان ہائیڈرو پاور پروجیکٹ،، پورٹ آپریشنز پروجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی اِس تاریخی انویسٹمنٹ سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو گی انویسٹمنٹ سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد بھی ملے گی۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتےہیں کہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھے اور متحدہ عرب امارات سے پوری دنیا کو ری ایکسپورٹ کرنے میں مدد کریں گے،انھوں نے کہا کہ شیخ زید نے پاکستان سے بہت گہرے تعلقات رکھے ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔