میڈرڈ( نیوز ڈیسک)اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے کیوں کہ اسی طرح اسرائیل، فلسطین تنازع ختم ہونے اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن ہوسکے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے وزیراعظم نے مقامی ٹیلی وژن کو دیئے گئے انٹرویو میں مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔انٹرویو میں ہسپانوی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی صورتحال کا سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہئے جس کا واحد راستہ مجھے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا لگتا ہے۔ہسپانوی وزیراعظم نے مزید کہا کہ یورپ کے مفاد میں ہے کہ غزہ کے مسئلے کو حل کیا جائے جو کچھ وہاں کیا جا رہا ہے وہ کسی طور قابل قبول نہیں۔ہسپانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کی جو ویڈیوز اور تصاویر سامنے آرہی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی تعداد میں بچے مر رہے ہیں، ہمیں اس حوالے سے سخت تحفظات اور شکوک ہیں کہ اسرائیل عالمی قوانین کی پاسداری کر رہا ہے یا نہیں۔یاد رہے کہ اسپین کے وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ہی نئی مدت کیلئے حلف اٹھایا ہے ، انھوں نے واضح کیا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرانا ان کی خارجہ پالیسی کی اوّلین ترجیح ہوگی۔ہسپانوی وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ یورپی یونین کے 27 رکن ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر اتفاق نہیں بھی کرتے تب بھی ہمارا ملک انفرادی طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرے گا۔قبل ازیں اسپین کی پارلیمنٹ نے 2014 میں ایک قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا جس میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل یورپی یونین کے چند چھوٹے ممالک جیسے ہنگری، پولینڈ اور رومانیہ نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی بات کی تھی لیکن اب تک کسی بڑے رکن ملک کی جانب سے یہ بات سامنے نہیں آئی تھی۔دوسری طرف ہسپانوی وزیراعظم کی جانب سے غزہ میں اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عالمی قوانین کی عدم پاسداری پر سوال اٹھانے پر اسرائیل نے اسپین سے اپنا سفیر واپس بلالیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے مطابق ہسپانوی وزیراعظم کے ’’شرمناک‘‘ بیان پر اسرائیلی سفیرکو واپس بلایا ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہےکہ میڈرڈ سے اسرائیلی سفیرکو مشاورت کیلئےطلب کیا ہے۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے تل ابیب میں موجود ہسپانوی سفیر کو بھی احتجاج کیلئے طلب کیا ہے، یہ گزشتہ 10 روز میں ہسپانوی سفیرکی دوسری بار طلبی ہے۔خیال رہے کہ ہسپانوی وزیراعظم نے غزہ جنگ میں اسرائیل کے عالمی قانون کی پاسداری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔