• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ: مجاہد اسلام کی اہلیہ صبینہ اسلام آتشزدگی سے جاں بحق

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی ممتاز سیاسی ، سماجی و کاروباری شخصیت مجاہد اسلام کی اہلیہ صبینہ اسلام جو ڈنڈی میں اپنے گروسری سٹور بیسٹ ون پر کام کر رہی تھیں کہ صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب اچانک آتشزدگی اور دھماکے سے شدید زخمی ہوگئیں، ان کے جسم کا 60فیصد سے زیادہ حصہ جل گیا تھا۔ وہ تقریباً 6ہفتے ہسپتال میں رہنے کے بعد وفات پاگئیں ۔ ان کی نماز جنازہ بعداز نماز عصر ڈنڈی کی سینٹرل مسجد میں ادا کر دی گئی جس میں پورے اسکاٹ لینڈ کے مختلف شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔ مجاہد اسلام نے جنگ کو بتایا کہ 15 اکتوبر کی صبح میں نے جاکر اپنے سٹور کو کھولا میں نے چونکہ خود گلاسگو کی طرف جانا تھا تو اہلیہ سے کہا کہ وہ گیارہ بجے کے قریب دکان پر آجائیں ان کے آنے پر میں پونے گیارہ بجے کے قریب دکان سے نکلا تاکہ سٹاف کو لے آئوں، جب میں آدھے گھنٹے بعد دکان پرپہنچا تو میرے لئے پوری دنیا ہی بدل چکی تھی، دکان کو آگ لگی ہوئی تھی اور میری بیوی باہر سٹریچر پر پڑی تھی وہاں ایمبولنس ، فائر بریگیڈ اور پولیس پہنچ چکی تھی۔ مجاہد اسلام نے کہا کہ ان کی غیرحاضری میں کیا ہوا سوائے اللہ کے کسی کو کچھ علم نہیں، متعلقہ ادارے بھی ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے اور تفتیش ابھی جاری ہے۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اس حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے عزیز دوست مجاہد اسلام کی اہلیہ کا سانحہ ایک نہایت تکلیف دہ واقعہ ہے اورمیں مرحومہ کی مغفرت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعاکرتا ہوں ، اللہ تعالیٰ مجاہد اسلام اور ان کے خاندان کو یہ عظیم سانحہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ گلاسگو کی ممتاز سماجی شخصیت چوہدری ظرف ریاض نے کہا کہ مجاہد اسلام کی اہلیہ کی افسوسناک حادثاتی موت پر پورے اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی سوگوار ہے، ہم مشکل کے ان لمحات میں مجاہد اسلام اور ان کے اہل خانہ سے بھرپور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

یورپ سے سے مزید