• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک ایکسچینج میں حکومت کے پہلے اجارہ سکوک کی نیلامی، 66 ہزار کی سطح بھی عبور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حکومت کے پہلے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی کا آغاز‘کے ایس ای100انڈیکس میں 1505 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ،65 اور 66 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور‘ نیا ریکارڈ قائم‘ 65.06 فیصدکمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 183 ارب 14 کروڑ 39 لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 0.98 فیصد زیادہ رہاجبکہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ حکومت معیشت کو دستاویزی بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیراہے‘معیشت کی بہتر صورتحال کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کارجحان ہے جواس وقت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے‘ آئی ایم ایف معاہدے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ایسے معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہیں جس کے ثمرات سے ہر طبقہ مستفید ہو۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کے لیے ایک تاریخی پیشرفت کے طور پر گورنمنٹ ڈیٹ سکیورٹیز (جی ڈی ایس) کی پرائمری مارکیٹ نیلامی اب پی ایس ایکس میں بھی ہوگی۔ یہ ا سٹیٹ بینک کے علاوہ کیپٹل مارکیٹوں سے حکومتی قرضوں کو اٹھانے کے قابل بنانے کے لیے کابینہ کی جانب سے قواعد میں تبدیلی کے بعد ہوئی ہے۔ پہلی بار ایک سالہ حکومت پاکستان اجارہ سکوک، پہلے مرحلے میں اسٹاک ایکسچینج کے پلیٹ فارم سے شروع کیا جائے گا۔ اس تناظر میں پی ایس ایکس نے وزارت خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے ساتھ مل کر، ایک سہ ماہی نیلامی کیلنڈر نوٹیفائی کیا ہے جس کے تحت پہلی پرائمری مارکیٹ کی نیلامی کیپٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے 8 دسمبر 2023 کو ہوئی جس میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑکا کہناتھاکہ حکومتی سکیورٹیز آکشنز ، سرمایہ کاروں کااعتماد بڑھانے ، قرضوں کے حصول میں آسانی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ‘ریٹیل سرمایہ کاروں کی بالخصوص حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے‘علاوہ ازیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ارکان اور پاکستان کی معروف کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگوکرتے ہوئےوزیراعظم نے کہاکہ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ حکومت معیشت کو دستاویزی بنانے کے حوالے سے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔اینگروکارپوریشن اور اس کی ذیلی کمپنیوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایوارڈز میں سرِ فہرست 10کمپنیوں کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

اہم خبریں سے مزید