سان فرانسسکو/نیویارک (جنگ نیوز) ٹرمپ کے نئے ویزا فیس حکم پر ہنگامہ، H-1B ہولڈرز کی امریکہ واپسی کی دوڑ، اعلان نے سلیکون وادی میں کھلبلی مچا دی، کئی بھارتی کارکنوں نے چھٹیاں منسوخ سان فرانسسکو ائیرپورٹ پر پروازیں ترک کر دیں، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل، صورتحال کی کورونا وبا سے تشبیہ، متاثرہ کارکنوں کا کہنا تھا کہ یہ خاندان اور یہاں رہنے کے درمیان کٹھن انتخاب ہے۔ ٹیک کمپنیوں اور بینکوں نے ملازمین کو فوری ہدایات کی ہیں کہ ملک نہ چھوڑیں، جبکہ وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی ہے کہ یہ حکم صرف نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے ویزا فیس عائد کرنے کے اعلان کے بعد بھارت اور چین کے ایچ ون بی ویزا ہولڈرز میں خوف، غصے اور ابہام کی لہر دوڑ گئی۔ بہت سے کارکنوں نے اپنے سفر منسوخ کر دیے اور عجلت میں امریکہ واپسی کی راہ لی، جبکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں اور بینکوں نے ملازمین کو ہنگامی ہدایات بھیجیں کہ وہ اتوار کی نصف شب امریکی وقت سے پہلے ملک واپس آجائیں اور کسی صورت باہر نہ جائیں۔ اگرچہ وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی کہ یہ حکم صرف نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہوگا، مگر اعلان نے وادیِ سلیکون میں کھلبلی مچا دی۔