کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں معاشی بدحالی ، کرپشن نے نوجوانوں کا مستقبل داو پر لگادیا ہے،حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے مواقع نہیں دیئے جا رہے جس کی وجہ سے مایوسی ناراضی تک پہنچ گئی ہے ،بنوقابل پروگرام میں دس ہزارسے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا ، پروگرام کے ذریعے طلباء و نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں جماعت اسلامی کوئٹہ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب ، وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارے جسم کا حصہ اور دل کا ٹکڑا ہے ۔ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی ، مواقع اور سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں جوانوں کی صلاحیتیں ضائع ہورہی ہیں ، حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے مواقع نہیں دیئے جارہے جس کی وجہ سے مایوسی ناراضی تک پہنچ گئی ہے ،ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے بلوچستان میں معاشی بدحالی ، کرپشن نے نوجوانوں کے مستقبل کے داو پر لگادیا ہے۔