دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ اچھے ماحول میں شروع نہ ہوسکا۔ میچوں میں ٹاس معمول کی بات ہے لیکن پاکستان بھارت میچ میں ٹاس تمام تر توجہ کا مرکز رہا۔ میچ کی اہمیت کے اعتبار سے امارات کے وزیر شیخ مبارک بن النہیان بھی ہیلی کاپٹر پر گراؤنڈ آئے اور میچ دیکھا۔ دونوں کپتانوں سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو نے ہینڈ شیک اور مسکراہٹوں کے تبادلے سے گریز کیا۔ میچ شروع ہوتے ہی ہاریک پانڈیا اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔ قومی ترانے کے دوران بھی کسی کھلاڑی نے کسی سے ملنے سے گریز کیا اور ترانے ختم ہوتے ہی کھلاڑی الگ الگ سمتوں میں اپنے ڈریسنگ روم میں چلے گئے۔ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے سلمان علی آغا نے ہاتھ نہیں ملایا وہ ٹیم شیٹ دے کر پلٹ گئے جبکہ سوریا کمار یادیو نے ہاتھ ملایا۔