کراچی( افضل ندیم ڈوگر) چائنا ایسٹرن ایئر لائنز نے 29گھنٹے طویل فضائی سفر کیلئے روٹ کا اعلان کرکے4دسمبر2025کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا اغاز کر دیا ہے۔ نئے روٹ پر چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کی پرواز ایم یو 745چین کے شہر شنگھائی سے ارجنٹینا کے شہر بیونس ائرس کیلئے روانہ ہوگی جو 25.5 گھنٹے پر محیط ہوگی۔ جبکہ ارجنٹینا بیونس آئرس سے واپس شنگھائی کی پرواز ایم یو 746 لگ بھگ 29 گھنٹے تک طویل ہوگی۔ ایئر لائن اعلامیہ کے مطابق دنیا کا یہ پہلا کمرشل روٹ ہے جو زمین کے متضاد کونوں کے ملکوں کے 2 شہروں کو جوڑے گا۔ غیر معمولی روٹ پر طیارہ انٹار کٹیکا کے قریب سے گزرے گا۔ ایئر لائن حکام کے مطابق 20116 کلومیٹرز طویل ترین روٹ کیلئے بوئنگ 300-777 ای آر طیارہ استعمال کیا جائے گا اور اس روٹ پر ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ یہ بھی واضع کیا گیا ہے کہ 29 گھنٹے کی پرواز نان اسٹاپ نہیں ہوگی بلکہ ری فیولنگ کیلئے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور ہوگا۔ وقت کے لحاظ سے دنیا کی سب سے طویل ترین 19 گھنٹے کی پرواز سنگاپور ایئر لائنز کی نیویارک سے سنگاپور روٹ کی ہے جو تقریباً 15348 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے۔ دسمبر میں پروازوں کا یکطرفہ اکانومی ٹکٹ 4 لاکھ 36 ہزار سے 6 لاکھ 44 ہزار روپے کے درمیان ظاہر ہورہا ہے۔