کراچی (نیوز ڈیسک) چائنا کی نانجنگ یونیورسٹی کی ایک ریسرچ ٹیم نے ایسی شفاف کوٹنگ تیار کی ہے جسے عام کھڑکیوں پر رنگ کی طرح لگایا جا سکتا ہے جس سے وہ کھڑکیاں بجلی پیدا کرنے والے سولر پینلز کی طرح کام کرنے لگیں گی، اور حیران کن بات یہ ہے کہ کھڑکیاں شفاف ہی رہیں گی۔ یہ کوٹنگ “CUSC” کہلاتی ہے، جس میں cholesteric liquid crystals (CLC) کی متعدد تہیں استعمال کی گئی ہیں۔ یہ تہیں روشنی کے مخصوص حصے کو کھڑکی کے کناروں تک موڑتی ہیں جہاں چھوٹے سی سولر سیلز لگائے جاتے ہیں جو توانائی میں تبدیل کرتے ہیں، جبکہ باقی روشنی اندر سے گزر جاتی ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، یہ نظام تقریباً 64.2؍ فیصد روشنی کھڑکی سے باہر آنے دیتا ہے، اور رنگوں میں تقریباً 91.3؍ فیصد وہی توازن برقرار رہتا ہے جو اصل نظر آنا چاہیے۔ پورے روشنی کے اسپیکٹرم کے تحت مکمل ایفیشنسی تقریباً 18.1 فیصد پائی گئی۔ فی الحال بجلی بننے کی کل شرح تقریباً 3.7 فیصد ہے، لیکن ابھی یہ ابتدائی قدم ہے۔ محققین نے ایک چھوٹا پروٹوٹائپ تیار کیا ہے جو سورج کی روشنی سے ایک چھوٹا پنکھا چلانے کے قابل تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر استعمال ہو اور بہت سی کھڑکیوں پر یہ کوٹنگ لگ جائے تو ٹیرا واٹس کی مقدار میں صاف توانائی پیدا کی جا سکتی ہے، اور عمارتیں خود اپنی بجلی بنانے کے قابل ہو سکیں گی۔