دبئی(نمائندہ خصوصی) پاکستان بھارت کرکٹ میچ کے موقع پردبئی اسٹیڈیم مکمل نہ بھر سکا۔ میچوں کا روایتی جوش وخروش دکھائی نہ دیا۔ اسٹیڈیم میں عام طور پر جب دونوں ٹیمیں سامنے آتی ہیں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی لیکن اتوار کو کافی نشستیں خالی تھیں حالانکہ ٹکٹوں کے نرخ بھی کم کئے گئے تھے۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ اسٹیڈیم کے باہر گھوڑوں پر سوار پولیس والے موجود تھے جبکہ اسٹیڈیم کے اوپر ہیلی کاپٹر بھی پرواز کررہا تھا۔تماشائیوں کو دور سے پیدل چل کر آنا پڑا اور سخت تلاشی کے بعد گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت مل سکی۔ پولیس نے کرکٹ شائقین کیلئے پبلک سیفٹی الرٹ جاری کرکے انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔