لاہور(این این آئی)پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرینوں کو حادثات سے بچاؤ کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کو حادثات سے بچانے کا کامیاب تجربہ کر لیاجس کے بعد اب ریلوے ٹریک پر کسی انسان سمیت دیگر جانداروں اور مختلف ٹرانسپورٹ کی نشاندہی پہلے ہی ڈرائیور کو انفراریڈ لیزر تھرمل امیجنگ کے ذریعے ہو جائے گی اور ڈرائیور ز بروقت بریک لگا کر ٹرین کو حادثے کا شکار ہونے سے بچا سکے گا۔پاکستان ریلوے کو اکثر ریلوے کراسنگ یا پھاٹک کراس کرتے ہوئے حادثات کا سامنا رہتا ہے، جس سے نہ صرف ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا زیاں بھی ہوتا ہے۔