اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) 8فروری 2024ء کے جنرل الیکشن کے انعقاد کیلئے 13لاکھ سے زائد الیکشن سٹاف کی ضرورت ہو گی۔ ان میں قومی اسمبلی کیلئے 266اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 593ریٹرننگ افسروں کی تقرری کی جائیگی۔ ملک کے کم و بیش چاروں صوبوں کے 140اضلاع میں ایک سو چالیس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز امکانی طور پر مقرر ہونگے۔ ایک لاکھ پولنگ اسٹیشن بنانا ہونگے۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر مجموعی عملہ 13کی تعداد میں ہونے کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان بقول سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد 12دسمبر کو الیکشن شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کر سکتا ہے جس کے 3دن بعد اُس پر عملدرآمد شروع ہونےکا امکان ہے۔ عملدرآمد کا آغاز 14‘ 15اور 16دسمبر سے کسی بھی روز ہو سکتا ہے۔ امیدواروں کی حتمی لسٹبننے پر انتخابی سرگرمیوں کیلئے 28دن دیئے جانے کا امکان ہے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی نوٹیفکیشن کے اجراء کے چار پانچ روز بعد وصولی شروع ہونے کی توقع ہے۔ کنور محمد دلشاد جو 2004ء سے 2009ء تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہے نے مذکورہ پوائنٹس اپنی تعیناتی کے دوران حاصل شدہ تجربے کی بنیاد پر جنگ کو بتائے۔ 12دسمبر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کی صورت میں تین دن بعد اس پر 15یا 16دسمبر سے عملدرآمد کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔