• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرامن لانگ مارچ سے حکومت اور فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،کوئٹہ بار ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ میں تربت کے پرامن لانگ مارچ کے شرکاء کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے ریڈ زون کو مکمل سیل اور فورسز کی بھاری نفری تعینات کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ تربت سے کوئٹہ تک پرامن لانگ مارچ سے حکومت اور فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ میں شامل ہماری ماؤں بہنوں سیاسی ورکرز کا سیاسی شعور قابل دید ہے۔ تربت سے کوئٹہ تک پرامن لانگ مارچ سیاسی شعور کی علامت ہے۔اس سے قبل لانگ مارچ کے شرکاء کو بلوچستان کے مختلف ایریاز اور میاں عنڈی کے مقام پر روکنا حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔ پر امن لانگ مارچ کو روکنے کا عمل نفرتوں میں مزید اضافہ کرے گا حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں۔ اس شدید سرد موسم میں لانگ مارچ کے شرکاء جس میں خواتین بچے بوڑھے اور جوان سب شامل ہیں ان کو کوئٹہ شہر میں داخلے ہونے سے روکنا ایک شرمناک عمل ہے ہونا یہ چاہیے تھاکہ حکومت لانگ مارچ کے شرکاء کو سہولت فراہم کرتی۔ تمام مکتبہ فکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ظلم و جبر اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔
کوئٹہ سے مزید