آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کا نیلے اور سیاہ رنگ کا خوبصورت جوڑا 1.1 ملین ڈالرز میں فروخت ہوگیا۔
لاس اینجلس کے جولینز آکشنز میں آنجہانی شہزادی ڈیانا کا ایک خوبصورت جوڑا 1.1 ملین ڈالرز کی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوا۔
ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے والا شہزادی ڈیانا کا یہ نیلے رنگ کی کڑھائی والا سیاہ رنگ کا خوبصورت مخمل کا جوڑا جھالر والی نیلے رنگ کی آرگنزا اسکرٹ سے مزین ہے۔
ڈیزائنر جیک ایزاگوری کا ڈیزائن کیا ہوا نیلے اور سیاہ رنگ کا یہ جوڑا شہزادی ڈیانا نے پہلی بار 1985ء میں فلورنس میں پہنا تھا۔
جولینز آکشنز کے مطابق ایک سال بعد وینکوور کے دورے پر بھی شہزادی ڈیانا نے یہی جوڑا پہنا تھا۔
جولینز آکشنز نےاپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ نیلامی میں شہزادی ڈیانا کا جوڑا سب سے زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ اب ان کے پاس ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہزادی ڈیانا کے تین خوبصورت گاؤن ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوئے تھے۔