لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی سفیر فعال ہیں تاکہ الیکشن میں ایجنٹوں کو شکست نہ ہو، امریکہ چاہتا ہے پاکستان میں اس کے وفادار اقتدار میں رہیں، باریاں لینے والوں سے عوام تنگ آچکے، 8فروری کوفرسودہ نظام زمین بوس ہوجائے گا،عوام کی فتح ہوگی،عوام کی مدد سے استعمار کے ایجنٹوں کو شکست دینگے ۔ریلوے ہیڈکوارٹرز میں مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے غریب کی سواری ہے، اسے مافیا نے تباہ کیا۔ دیگر محکموں کی طرح ریلوے کے ملازمین کی تنخواہوں کی ذمہ داری وزارت خزانہ اٹھائے، ادارہ میں 12ہزار عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے، خالی آسامیوں پر مزدوروں کے بچوں کی میرٹ پر تعیناتیاں کی جائیں، تنخواہوں اور پینشنز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ ریلوے مزدور خود کو تنہا نہ سمجھے جماعت اسلامی اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ملک کے سات کروڑمزدوروں، چھوٹے کسانوں، ہاریوں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔