اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے تین تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ نہیں تو لیول کیا کرینگے۔ الیکشن فری اینڈ فیئر نہ ہوا تو اتنا بحران آئے گا لوگ ساری تاریخ بھول جائیں گے۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر شیخ رشید احمد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے سفارش کروں گا کہ شیخ رشید کا خیال رکھیں۔