• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل ہاؤسنگ میں چوہوں کی بہتات سے متعلق شکایات بڑھ گئیں، لینڈ لارڈ کا کرایہ داروں پر الزام

لندن (پی اے) کرائے کے مکانات میں چوہوں کی بہتات سے مطلق شکایات میں اضافہ ہو گیا۔ ایک بڑے ہائوسنگ افسر نے کہا ہے کہ لینڈ لارڈز کرائے پر دیئے گئے مکانات میں بڑھتی ہوئے شکایات دور کرنے میں ناکام ہیں اور بعض لینڈ لارڈ اس کا الزام الٹا کرایہ داروں پر عائد کر رہے ہیں۔ انگلینڈ کے لئے ہائوسنگ محتسب نے کہا ہے کہ یہ شکایات اس وقت سامنے آئی ہیں، جب یہ بتایا گیا کہ گزشتہ چار سال میں چوہوں سے متعلق شکایات میں 10گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ رچرڈ بلیک وے نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑھتا ہوا مسئلہ ہے، جس کا ہنگامی طور پر خاتمہ کیا جانا چاہئے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اس کے پاس خراب لینڈ لارڈز کے خلاف کریک ڈائون کے لئے نئے اختیارات موجود ہیں۔ ایک کرایہ دار مثائلہ علی نے کہا ہے کہ چوہوں نے اس کی زندگی تباہ کر دی ہے۔ 36 سالہ نرسنگ اسسٹنٹ مانچسٹر سٹی سینٹر میں ایک بیسمنٹ فلیٹ کے لئے 500پونڈز ماہانہ کرایہ ادا کر رہی ہیں، جس میں وہ چوہوں کے انفیکشن کے باعث فروری سے سکون کے ساتھ نہیں سو سکی ہیں۔ مثائلہ نے بتایا کہ وہ دیواروں میں موجود سوراخوں میں چوہوں کو گھومتے ہوئے ان کی آوازیں سن سکتی تھیں اور انہوں نے مسئلہ کی اطلاع پیسٹ کنٹرول کو دی، جنہوں نے فلیٹ کا دورہ کیا اور چھت میں ایک سوراخ کیا، جس میں چارہ ڈالنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں رات بھر جاگتے ہوئے یہ سوچ کر پسینے سے شرابور ہوگئی کہ کسی بھی وقت چوہے چارہ کھا کر مرتے ہوئے سر پر گریں گے۔ پہلی بار حاملہ ہونے والی مثائلہ کی ہائوسنگ ایسوسی ایشن نے مارچ میں انہیں فلیٹ سے باہر نکال دیا۔ تب سے ہی انہوں نے چار مختلف ہوٹلوں اور دو مختصر مدت کے لئے اپارٹمنٹ میں رہ کر اپنی بیٹی کو جنم دیا جبکہ ہائوسنگ ایسوسی ایشن اب تک چوہوں کا مسئلہ حل نہیں کر سکی۔

یورپ سے سے مزید