راولپنڈی (نمائندہ جنگ)چوہدری پرویز الٰہی کوآرآئی سی میں طبی معائنے کے بعدواپس اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا،آرآئی سی میں ایم بی آئی سکین کیساتھ دیگر ٹیسٹ بھی کروائے گئے، پرو یزالٰہی پہلے سے دل کے عارضہ میں مبتلاہیں ، ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو چند روز پہلے انتہائی نقاہت اور نیم بے ہوشی کی وجہ سے کارڈیالوجسٹ سے چیک کرایاگیاتھا ،ماہرامراض قلب نے ای سی جی کرنے کے بعد ان کاایم بی آئی سکین کرانے کامشورہ دیاتھا،ہوم ڈیپارٹمنٹ سے اجازت لینے کے بعد انہیں ہفتہ کی صبح راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایاگیا،جہاں ایم بی آئی سکین کیساتھ ان کے دیگر ٹیسٹ بھی کروائے گئے ، آرآئی سی میں تفصیلی چیک اپ کے بعدسخت سیکورٹی میں انہیں واپس سینٹرل جیل راولپنڈی منتقل کردیاگیا،یادرہے کہ چودھری پرویزالٰہی پہلے سے دل کے عارضہ میں مبتلاہیں اور جیل آنے سے پہلے انہیں سٹنٹ بھی پڑچکے ہیں۔