لاہور ( نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ ) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ (ر) جنرل سجاد غنی نے کہا ہےکہ کے فور منصوبہ کراچی کیلئے انتہائی اہم ہے ، فنڈز کی بروقت فراہمی اشد ضروری ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم ’کے فورپراجیکٹ‘ کے دورے کے دوران کیا۔ لیفٹیننٹ (ر) جنرل سجاد غنی کو حکام نے بریفنگ دی کہ پہلے مرحلےکی تکمیل اکتوبر2024ء میں شیڈول ہے، 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ، منصوبے کی پی سی ون لاگت 126 ارب روپےہے جبکہ 40ارب خرچ ہوچکے۔ اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے منصوبے کیلئے درکار بجلی کا نظام اور کراچی واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے پانی تقسیم کرنے کے نظام میں توسیع سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم ’کے فور پراجیکٹ‘ کا دورہ کیا اورمنصوبے پر تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ 650؍ ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ واپڈا اس وقت منصوبے کے پہلے مرحلے کو تعمیر کررہاہے، جس کی تکمیل اکتوبر 2024ء میں شیڈول ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی بدولت کراچی کو روزانہ 260ملین گیلن پانی میسر آئے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت 126؍ ارب روپے ہے۔ منصوبے پر اب تک 40؍ ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے پر 40؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ چیئرمین واپڈاکے پراجیکٹ دورے کے موقع پر جنرل منیجر ( پراجیکٹس ) ساؤتھ اور چیف انجینئر / پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ چیئرمین نے منصوبے کی مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈاکو منصوبے پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ اس وقت منصوبے کی تمام 8؍ سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔