لندن (پی اے) باکسنگ ڈے پر تین گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک ہی کار میں سوار دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہےکہ برمنگھم کے شارڈ اینڈ ایریا میں تصادم کے بعد خطرناک ڈرائیونگ سے ہلاکتوں کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حادثے میں تین گاڑیاں ایک بی ایم ڈبلیو 4 سیریز، ایم جی زیڈ ایس اور ایک کواڈ بائیک ملوث تھی۔ آفیسرز کو رات 8 بجے کے فوراً بعد کٹ کے گرین روڈ اور میکڈاؤن لین جنکشن پر طلب کیا گیا تھا، جہاں ایم جی زیڈ ایس میں سوار دو خواتین کو جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا، جن میں سے ایک کی عمر 40 سال اور دوسری کی عمر 70 سال ہے۔ ایک چھوٹے بچے سمیت چار افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا، جن کے بارے خیال ہے کہ ان کے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بی ایم ڈبلیو کا ڈرائیور جائے وقوع سے چلا گیا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد ایک شخص کو خطرناک ڈرائیونگ سے ہلاکت کا سبب بننے کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ وہ ہسپتال میں ہے اور جب وہ طبی لحاظ سے پوچھ گچھ کے قابل سمجھا جائے گا تو اس سے بات کی جائے گی۔ ایک اور شخص کو بھی آفنڈر کی مدد کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا جو پوچھ گچھ کیلئے زیر حراست ہے۔ پولیس آفیسرز نے بتایا کہ کواڈ بائیک جائے وقوع سے چلی گئی اور سوار کی شناخت اور سراغ لگانے کیلئے انکوائریز جاری ہیں۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس میں سیریس انسیڈنٹ انویسٹی گیشن یونٹ سے تعلق رکھنے والی ڈیٹیکٹو سارجنٹ جولی لیمن کا کہنا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور خیالات اس خوفناک حادثے میں متاثر ہونے والی فیملیز کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم اس بات کا مکمل تعین کریں کہ ان گاڑیوں کے ساتھ حقیقت میں کیا ہوا تھا۔ اس سلسلے میں ہم کواڈ بائیک سوار سے پولیس سے رابطہ کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں کیونکہ مجھے یقین ہے کہ وہ اس المناک حادثے کا کلیدی گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے پاس ان واقعات کے حوالے سے ڈیش کیم فوٹیج یا کسی قسم کی معلومات ہوں تو وہ بھی پولیس کو 101 پر کال کر سکتے ہیں یا پھر عینی شاہدین یا معلومات رکھنے والے افراد ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی ویب سائٹ پر لائیو چیٹ سروس استعمال کرتے ہوئے آفیسرز سے رابطہ کریں۔