کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما عظیم کاکڑ نے جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پشین کے عوام ان کی کامیابی کو اپنے ووٹ کے زریعے یقینی بنائیں گے ،آنے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے جمعیت علماء اسلام حکومت بنائے گی ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر علاقہ کے معتبرین اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی انتخابات کا ماحول بن چکا ہے ہر سیاسی جماعت کی طرف سے امیدوار میدان میں اترے ہیں ۔ جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کا پشین سے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ جمعیت کے کارکنوں کے لئے باعث فخر ہے، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار اد اکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ہر دور میں عوام کی بھرپور خدمت کی ہے، ضلع پشین کی سطح پر مولانا فضل الرحمٰن کی انتخابی مہم خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت علاقہ میں انتخابی مہم چلاکر مولانا فضل الرحمٰن کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 5 جنوری کو برشور میں جمعیت علما اسلام کے زیراہتمام انتخابات کے حوالے سے تقریب منعقد کی جائے گی ۔