• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے 33 برس کا سفر 5 سیکنڈز میں ختم کیا : بلال مقصود


پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے مشہور زمانہ میوزک بینڈ ’اسٹرنگز‘ کو تین دہائیوں کے بعد ختم کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’33 برس کا سفر 5 سیکنڈز میں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا‘۔

حال ہی میں موسیقار بلال مقصود نے فیشن میگزین کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بینڈ کو ختم کرنے کے حوالے سے کُھل کر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور فیصل کپاڈیا کے لیے اسٹرنگز ہمیشہ سے بہت خاص تھا اور ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہر عروج کو زوال ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں نے یہ پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ اسٹرنگز بینڈ کو اس کے عروج پر ہی ختم کریں گے اور یہ کام ہمارے لیے کوویڈ نے آسان کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب کورونا کے دوران ہم ایک بھی گانا نہیں بنا سکے تھے تو ہم نے پہلے سوچا کہ ہم دو سال کا بریک لے لیتے ہیں لیکن پھر ہم سب نے مل کر مشورہ کیا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم ہی کردیتے ہیں اور یہ فیصلہ ہم نے صرف 5 سیکنڈز میں لیا۔

گلوکار نے کہا کہ اسٹرنگز کو 33 برس ہوگئے تھے اور اس فیصلے سے ہمارا بینڈ اپنے زوال پر نہیں بلکہ عروج پر ہی ختم ہوا۔

بلال مقصود نے مزید بتایا کہ میرے اور فیصل کے درمیان کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا، ، ہم آج بھی اچھے دوست ہیں لیکن ہم کبھی بھی ایک ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔ آج بھی جب اسٹرنگز کے اکاونٹ میں پیسے آتے ہیں تو فیصل آکر مجھے چیک دے جاتا ہے، اسٹرنگز کے تمام مالی معملات ہمیشہ سے وہی سنبھالتا آیا ہے۔

واضح رہے کہ تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اسٹرنگز بینڈ کو کالج کے چار دوستوں نے 1988ء میں بنایا تھا تاہم چند سال بعد ہی یہ گروپ ٹوٹ گیا اور اس کے بعد بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے بینڈ کو مزید آگے لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس بینڈ کے کامیاب 33 سال کے بعد بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے 25 مارچ 2021 کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم کررہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید