• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاحیات نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کا اچھا فیصلہ آیا ہے، حامد خان

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر رہنما تحریک انصاف حامد خان نے کہا ہے کہ تاحیات نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کا اچھا فیصلہ آیا ہے، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ناانصافی ختم کی، انتخابت ملتوی ہوئے تو بے یقینی طول پکڑے گی، سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ پبلک میں جانے کیلئے ن لیگ کوئی خاص بیانیہ نہیں بناسکی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کررہے تھے۔ سینئر رہنما تحریک انصاف حامد خان نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں تاحیات نااہلی سے متعلق ایک اچھا فیصلہ آیا ہے۔ آئین کی روح کو سامنے رکھتے ہوئے میں سمجھتا ہوں یہ درست فیصلہ ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ آئین کی اس تشریح کے دور رس اثرات کیا ہوں گے۔ آج کے فیصلے میں ججز نے جمہوریت کو پروموٹ کرنے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن میں اچھے برے کا فیصلہ کرنا ووٹر کا کام ہے عدالت کا نہیں۔ کسی جماعت کو الیکشن سے باہر کرنا غیرجمہوری عمل ہے۔ امید ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کو انتخابی نشان دے گی۔ جس طرح پی ٹی آئی کے امیدواروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ہمارے تحفظات ہیں۔ امید ہے کہ عدالتیں اس معاملے میں انصاف کی ضروریات کو پورا کریں گی۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے آج سپریم کورٹ نے ایک نا انصافی جو نواز شریف کے ساتھ نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے ساتھ ہوئی تھی اس ناانصافی کو ختم کیا ہے۔ آج بہت بڑی فتح کادن ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ لمحہ فکریہ ہے کہ کس طرح آسانی کے ساتھ چند لوگ اپنے مقاصد کیلئے پاکستان کو کس بحران میں پھینک کر چلے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے آج قوم سے ہوئی ناانصافی کو ختم کیا۔ سپریم کورٹ کے جج کو آج کے فیصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انتخابات کے حوالے سے ن لیگ سب سے آگے ہے۔ ہم نے امیدواروں کے مفصل انٹرویوز کئے ہیں۔ اس ہفتے کے دوران امیدواروں کی حتمی فہرست شائع ہوجائے گی۔ ن لیگ 12جنوری تک امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کردے گی۔ پارٹی ٹکٹ کا اعلان ہوگا تو انتخابی گہما گہمی نظر آئے گی۔ مسلم لیگ ن اس وقت بہت انڈر پریشر ہے کیوں کہ ن لیگ کے پاس ٹکٹوں سے متعلق بہت زیادہ درخواستیں ہیں۔ منشور کمیٹی کے حتمی اجلاس میں بدھ کو منشور کی منظوری دی جائے گی اس کے بعد منشور لاؤنچ کردیں گے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق جماعتوں سے اچھے مذاکرات چل رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید