پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ بلے کا انتخابی نشان واپس ملنے کیلئے پرامید ہیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل فیصلہ آیا تو ہمارے امیدوار پارٹی ٹکٹ لے سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر فیصلہ آنے میں تاخیر ہوئی تو چاہے فیصلہ ہمارے حق میں ہو، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی وکیل نے یہ بھی کہا کہ فیصلے میں تاخیر سے تحریک انصاف انتخابی نشان سے محروم ہوجائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج کی سماعت میں الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف کے دلائل مکمل ہوگئے ہیں، عدالت کل صبح 9 بجے باقی فریقین کو بھی سنے گی۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پرامید ہوں کہ پی ٹی آئی کو اُس کا انتخابی نشان’بلا‘ واپس مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کل کے عدالتی فیصلے کے منتظر ہیں، جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے، سپریم کورٹ کے سامنے آرڈر چیلنج کیا ہے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ وکلاء کا بھی ٹکٹوں میں حصہ ہے، کارکنوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کسی پارٹی کے ساتھ الائنس نہیں ہے، جس کو ٹکٹ ملے گا وہی الیکشن لڑے گا، باقی دستبردار ہوں گے۔