ڈیرہ اسماعیل خان/خیبر(نیوز ایجنسیاں) ڈیرہ اسماعیل خان میں آئل اینڈ گیس کمپنی کی سکیورٹی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 3 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ خیبر میں باڑہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے آئل اینڈ گیس کمپنی کی حفاظتی گاڑی پر حملہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درازندہ کے علاقے میں کیا۔ گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے دھماکا کیا گیا، جس میں 3 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد اور حفاظتی اسکواڈ کے مابین فائرنگ جاری ہے۔ اس دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔ فائرنگ کے دوران زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں باڑہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دہشت گرد حملے کے دوران ایک پولیس کار بھی جل گئی۔