اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صوبہ بالکیسر میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صوبہ بالکیسر میں دھماکہ خیز مواد کی تیاری کی سہولت میں ہونے والے حادثہ کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا جس میں 12 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، ہم سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔