کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے قائد اباد کے نواحی گوٹھ میں پسند کی شادی کی ضد ظاہر کرنے پر اہلخانہ نے نرس کے بال کاٹ دیئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے والد، والدہ، دادی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق قائد اباد تھانے میں ایف آئی ار نمبر 831/24ناز فاطمہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ 22 سالہ مدعی مقامی اسپتال میں نرس ہے۔ ایس ایچ او قائد اباد فراست حسین کے مطابق لڑکی نرس کے طور پر مقامی اسپتال میں ملازم ہے جس کی اپنے ہم پیشہ کرسچن لڑکے لڑکیوں سے دوستی ہے۔ ناز فاطمہ کرسچن لڑکے سے شادی کرنے کی خواہاں ہے اس معاملے میں لڑکی کے والد نیاز حسین اور والدہ میں ناچاقی کے بعد علیحدگی ہو گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اہل خانہ سید ہیں جس کی بنا پر انہوں نے غیر مسلم سے شادی کرنے سے منع کیا۔ لڑکی ناراض ہو کر اپنی کرسچن دوست ڈولی کے پاس شاہ فیصل کالونی منتقل ہو گئی۔ اہل خانہ سمجھا بجا کر اسے دو ماہ بعد واپس گھر لائے اور شادی سے منع کرتے رہے لڑکی کے انکار پر غصے میں اکر والد اور دیگر اہل خانہ نے اس پر تشدد کیا اور اس کے سر کے اگلے حصے کے کچھ بال کاٹ دیے تاکہ وہ گھر سے باہر نہ نکلے تو معاملہ ختم ہو جائے گا۔