پشاور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو کی بیٹی پر جعلی مقدمات بنانے والے کی اپنی بیٹی پر مقدمات بنے، میں مخالفوں کی بیٹیوں کو جیلوں میں نہیں ڈالوں گا، آج جو کچھ آپ کررہے ہیں کل وہی آپ کے ساتھ ہوگا، سب کو جیلوں میں ڈالنے کا دعویدار آج خود جیل میں، سب سے بات کرنےکو تیار ، ن لیگ اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہے،پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این نے اس معاشرے پر تقسیم اور نفرت مسلط کر دی ، سی پیک کا پیسا اورنج ٹرین پر ضائع کیا گیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو غریبوں، پسماندہ طبقے کی جماعت ہے، ہم ایسے مفت اور معیاری ہسپتال قائم کرینگے جہاں رقم کی پریشانی نہیں ہوگی وہاں ہر مرض کا مفت علاج ہوگا اور یہ کام میں نے سندھ میں کرکے دکھایا ہے جہاں دوا، چیک اپ، علاج اور ٹیسٹ سب کچھ مفت ہورہا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ہم خان صاحب کو یہ بات سمجھاتے رہےکہ اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں،کہتے رہےکہ نفرت کی سیاست نہ کرو، انہوں نے سرپرائز کہہ کر اپنی ہی حکومت کو ختم کیا، آپ کو سرپرائز اب کیسا لگ رہا ہے؟ بلاول کا کہنا تھاکہ میں اپنی حکومت میں سیاسی مخالفین کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار نہیں کروں گا، جوکہتا تھااین آراو نہیں دوں گا آج وہ سب سے بات کرنےکو تیار ہے، آپ نے تین تین بار نواز دیکھا آپ دکھائیں یہ کتنا سچا نواز ہے، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔