آج کل زندگی اتنی تیز ہوگئی ہے کہ انسانوں کے لیے اپنی جسمانی صحت کو اندرونی لحاظ سے بہتر بنانا ضروری ہوگیا ہے۔
سانس لینے سے لے کر کھانے تک ہمارا جسم اور اس کے ہر اعضا ہر وقت کام کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں زہریلے یا بیمار کرنے والے مادے پیدا ہو جاتے ہیں جن سے چھٹکارا پانا ضروری ہوتا ہے ورنہ یہ آپ کو آئے دن ڈاکٹروں اور اسپتال کا مہمان بنا دیتے ہیں۔
انسانی جسم قدرتی طور پر بھی ان زہریلے مادوں کے خلاف لڑنے کی قوت رکھتا ہے تاہم کچھ طریقوں پر عمل کر کے ہم ان جراثیموں یا زہریلے مادوں کو ختم کرنے کے عمل کو مزید تیز کرسکتے ہیں۔
کئی قسم کی غذاؤں اور جوسز سے ان زہریلے مادوں سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔
اپنے دن کا آغاز ایک گلاس پانی سے کر کے بہت اچھا عمل ہے، جسم سے یوریا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے کے لیے پانی کی اچھی مقدار پینا انتہائی ضروری ہے۔
عام طور پر سرد موسم میں انسانوں میں پانی کی طلب کم ہوجاتی ہے لیکن اس مسئلے کا حل پانی کی بوتل ساتھ رکھ کر نکالا جاسکتا ہے۔
صبح اٹھنے کے بعد ایک گلاس گرم یا ٹھنڈے پانی میں تازہ نچوڑے ہوئے لیموں ہاضمے کو بڑھانے میں مددگار ہوتے ہیں۔
لیموں میں ایک قسم کا فائدہ مند فائبر ہوتا ہے جسے پیکٹن کہتے ہیں، یہ پانی کے فوائد کو بڑھا کر جسم کی صفائی کرنے والا پانی بنا دیتا ہے۔
اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور غذائیں بھی جسم میں (detox) کے عمل کو تیز کردیتی ہیں جن میں شملہ مرچ، بروکولی، رس والے پھل، لیموں، میوے اور دیگر سبزیاں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اچھی غذاؤں کے استعمال کے ساتھ اگر ورزش کو بھی معمول بنالیا جائے تو جسم سے زہریلے یا جراثیم پیدا کرنے والے مادوں کو ختم کرنے کے عمل (detox) کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے۔
باقاعدگی سے ورزش کرنے سے جسم سے زہریلے مادوں کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ جب انسان کو پسینہ آتا ہے تو اس کے جسم سے کئی چیزیں باہر نکلتی ہیں جو کہ دل کی بیماری، شوگر، ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو روکنے کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ قدرتی طریقے سے جسم سے زہریلے یا بیمار کرنے والے مواد کو باہر نکالنے کا سب سے آسان طریقہ نیند ہے۔
نیند کی کمی کے باعث انسانی جسم کا نظام قدرتی طور پر ہلکا ہوجاتا ہے تاہم اسی لیے کوشش کرنی چاہیے کہ نیند کا شیڈول بہتر اور اچھا بنایا جائے۔