ڈی آئی خان،لاہور(نیوز ایجنسیز/ نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام 8فروری کو تیروں کی بارش کریں شیر شکار ہوجائے گا،معاشی بحران ختم،عوام کی آمدن میں اضافہ کرکے دکھاؤں گا.
پی پی پی کے علاوہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں،خان الیکشن سے آؤٹ ہے، مولانا عوام سے ووٹ مانگنے نہیں آئے تو وہ بھی آؤٹ ہی سمجھیں،اسلئے ، مقابلہ شیر اور تیر کا ہوگا۔
ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انتخابی جلسے سے خطاب میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے عوام کا رشتہ تین نسلوں سے چلتا آرہا ہے، بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید نے بھی یہاں سے الیکشن لڑا تھا.
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں انتخابات کے سلسلے میں آپ کے پاس آیا ہوں، جو ٹھنڈ اور برف باری کی وجہ سے الیکشن لڑنا نہیں چاہتے تھے ان کا کیا بنے گا، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ ہے انتخابی مہم نہ چلائیں لیکن میں اپنے جیالوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، جیالے وفادار اور بہادر لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ہمارا ملک خطرے میں ہے، آج عوام مشکل دور سے گزر رہے ہیں، دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں، معاشی بحران بھی سامنے ہے کوئی ملک کے سیاست دان ہوتے تو سمجھتے کہ عوام کو ریلیف چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی عوام کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں اور امیروں کوفائدہ پہنچاتی ہیں، ہم نے غریب کومدنظررکھ کرعوامی معاشی معاہدہ تیارکرلیا ہے۔