برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے آن لائن اجلاس میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یورپ میں ہونے والے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام 3سے 6فروری تک برطانوی پارلیمنٹ لندن ،برمنگھم، گلاسگو، نوٹنگھم، لوٹن، بریڈ فورڈ میں یکجہتی کشمیر کانفرنسز منعقد کی جائیں گی اور لندن میں کشمیر ڈیجیٹل مہم شروع کی جائے گی۔4 فروری کو اسپین بارسلونا میں کشمیر مارچ کیا جائے گا۔ ڈنمارک اور ناروے میں یکجہتی مارچ اور کانفرنس ہو گی۔ اجلاس میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، اٹلی کے صدر چوہدری بابر وڑائچ، اسپین کے صدر راجہ شفیق تبسم، ناروے کے صدر حسین شاہ کاظمی، روس ماسکو سے اشتیاق ہمدانی، رفاقت علی، ناہید اختر اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے ملکوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والے پروگرامز کی رپورٹ پیش کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محمد غالب نے کہا کہ 5فروری کا دن مظلوم و محکوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بڑی اہمیت کا حامل ہے یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے اور کشمیری عوام کو یہ پیغام دیا جاتا کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں، دنیا بھر کے آزادی، جمہوریت اور انسانیت پسند عوام ان کے ساتھ ہیں، کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے۔ میاں محمد طیب نے کہا کہ بھارت نے تحریک آزادی کے خلاف جتنے ہربے اور ہتھکنڈے استعمال کئے اس میں وہ بُری طرح ناکام ہوا، ساری کشمیری قیادت کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے، ان کی جائیدادوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، اس کے باوجود انہوں نے جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا5 فروری کو دنیا کے کونے کونے سے ایک ہی آواز اور نعرہ بلند ہوگا کہ بھارت ایک دہشت گرد، ظالم اور قاتل ملک ہے، بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے، دنیا کشمیریوں کے ساتھ کئے وعدوں کو پورا کرے، کشمیری جدوجہد کو جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہیں اور مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی بھارت کے مفاد میں ہے۔