سکھر(بیورورپورٹ )جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ پر 15سال مسلسل راج کیا ہے ،میرا صرف ایک سوال ہے اتنے سال میں انہوں نے سندھ اور سندھ میں بسنے والوں کو کیا دیا ہے، پی پی نے سندھ پر حکومت کرکے سندھ کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا ،میرا پی پی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے ،نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر یہ بات پوچھتا ہوں، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ پر کئی سال سے حکومت کرنے والوں نے اسپتال، اسکول سمیت لوگوں کے بنیادی حقوق کے فنڈ بھی نہیں بخشے ،پندرہ سال میں عوام کو صرف جھوٹے وعدوں و دلاسوں پر گمراہ کیا گیا ،اب عوام باشعور ہوچکے ہیں اور انہوں نے سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے والوں کا گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے ۔آٹھ فروری کا دن جمعیت علماء اسلام اور اس کے اتحادی امیدواروں کا دن ثابت ہوگا کیونکہ اس دن عوام اپنے حقوق ضبط کرنے والوں کا کڑا احتساب کرکے جے یو آئی اور اسکے اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے اور نوٹوں کی طاقت سے ووٹ خریدنے والوں کا مکمل بائیکاٹ کرکے انہیں واضح پیغام دینگے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے متحد ہیں، اب انہیں کوئی لالچ دیکر مسائل کا شکار نہیں بنا سکتا۔ وہ گذشتہ روز سکھر کے دورے کے موقع تھرمل پاور پرانا سکھر اور جناح چوک پر کارکنوں کے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقد کارنر میٹنگ و جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ،جلسہ عام میں جے یو آئی ضلع سکھر کے جنرل سیکریٹری و نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 201 مولانا محمد صالح انڈھڑ ، مفتی سعود افضل ہالیجوی جے یو آئی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ پی ایس 25 امیر بخش عرف میر مہر ، جی ڈی اے کے امیدوار حلقہ این اے 200حاجی دیدار جتوئی ، قاری لیاقت مغل، حافظ محمد فاروق شیخ، امان اللہ سکھروی ، قاری نصر اللہ و دیگر نے شرکت کی جلسہ عام سے خطاب میں علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ میں نے پیر صاحب پگارہ سے وعدہ کیا ہے کہ انتخابات میں جتنے ووٹ کتاب کو ڈالے جائینگے اتنے ہی ووٹ جی ڈی اے کے امیدواروں کو ملیںگے، اس مرتبہ جیت ہماری ہی ہوگی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جائز حقوق کیلئے اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی و خوشحالی سمیت عوام کےحقوق کی جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی، ملک و قوم کو تباہ کرنے والے آج کس منہ سے عوام سے ووٹوں کی بھیک مانگ رہے ہیں کیا انہیں معلوم نہیں انہوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے ملک کو قرضوں میں ڈوبا دیا گیا ترقیاتی فنڈز میں میگا کرپشن کرکے اپنی جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں دیا گیا عوام گیس ،بجلی کی قیمتوں سمیت مہنگائی کی بدولت پریشان حال زندگی بسر کررہی ہے دور اقتدار میں رہ کر عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور الیکشن کے دن قریب آتے ہی شہر اپنی خدمات کا راگ الاپنا شروع کردیا ہے۔