کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ٰنے ادارہ نور حق میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی،پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں پولنگ اسٹیشنوں پرمسلح دہشت گردوں کے قبضے،کارکنوں کوفائرنگ کرکے زخمی کرنے ودیگر سنگین بے ضابطگیوں، الیکشن کمیشن کی نااہلی کے حوالے سے ہنگامی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات سے بڑھ کر جماعت اسلامی کو ووٹ دیے ہیں، ہم جیت رہے ہیں ہمیں جیتنے دیا جائے، حقیقی نتائج کو قبول کیا جائے، انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ لوگوں کو حکومتی و ریاستی طاقت کے ذریعے اہل کراچی پر دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش نہ کی جائے،ہم نے پہلے ہی جن خدشات کا اظہار کیا تھا وہ درست ثابت ہورہے ہیں،ایم کیوا یم کو پہلے ہی سے بیلٹ پیپرز دے دیے گئے تھے جو بعد جعلی اور بوگس ووٹنگ کے لیے استعمال کیے گئے ،پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں مسلح افراد نے درجنوں پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کیے،شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کر کے ہمارے کارکنوں کو زخمی کیا گیااور ناظم آباد میں بھی کارکنوں پر تشدد کیا گیا،شاہ فیصل کالونی، ملیر، فیڈرل بی ایریا دستگیر، بلدیہ،اورنگی ٹاؤن،نیو کراچی، لانڈھی اور دیگر مقاما ت پر پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کیا گیا،قانون نافذ کرنے والے کے اہلکار اور الیکشن کمیشن کہیں موجود نہیں تھا،پولنگ ختم ہونے سے تھوڑی دیر پہلے یہ کاروائیاں کی گئیں،جماعت اسلامی کا آئینی،قانونی اور جمہوری حق ہے کہ الیکشن میں من پسند نتائج حاصل کرنے کی سازش کوبے نقاب کریں۔الیکشن کمیشن بھی ہوش کے ناخن لے اور من پسند پارٹیوں اور امیدواروں کوجتوانے کی کوشش نہ کرے،جماعت اسلامی کے راستے میں رکاوٹیں ڈال کر جو لوگ مسترداورناکام لوگوں کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ حب الوطنی نہیں ملک و کراچی دشمنی ہے۔موبائل سروس بند ہونے کی وجہ سے پولنگ کا عمل مفلوج ہوکر رہ گیا۔