• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پر مسلط پیپلز پارٹی کی حکومت کراچی کو اسکا حق دینے کیلئے تیار نہیں، منعم ظفر

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیرمنعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت 17سال سے سندھ پر مسلط،کراچی کے اداروں اور وسائل پر قابض ہے لیکن کراچی کو اس کا حق دینے کے لیے تیار نہیں، میونسپل چارجز میں ڈیڑھ سو گناہ اضافہ قبول نہیں ، اہل غزہ کو نہیں بھولیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی، سینئر ڈپٹی سیکرٹری صہیب احمد، یوسی چیئرمین نعمان حمید بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان کاکہنا تھاکہ کراچی کے عوام بجلی، پانی،ٹرانسپورٹ، بے لگام خونی ٹینکرزو ڈمپر اوراسٹریٹ کرائمز سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں،وفاق میں شامل تمام حکمران پارٹیاں کراچی کے مسائل پر بات نہیں کرتیں،جماعت اسلامی حقوق کراچی تحریک جاری رکھے گی اور کراچی کے مسائل کے ساتھ ساتھ اہل غزہ کو بھی نہیں بھولے گی،امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور پورا ملک ایک ساتھ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی،امریکہ واسرائیل سے اظہار نفرت و مذمت اور حکمرانوں کو جھنجھوڑے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید