کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے شہر کو برباد کرنے والوں اور آزمائے ہوئے لوگوںکو مسترد کر دیا، جس پرکراچی کے عوام خراج تحسین ومبارکباد کے مستحق ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےالیکشن کمیشن سندھ آفس کے سامنے گزشتہ روزمشترکہ احتجاجی مظاہرسے خطاب کے دوران کیا۔ کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے وڈیروں اور جاگیرداروں اور ان کے آلہ کاروں کو مسترد کردیا ہے۔ مظاہرے کے شرکاء نے پُرجوش نعرے لگائے، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں چھیننے اور مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ اتوار 11فروری کو شہر کے 8اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے،جن میں غربی،سائٹ غربی، وسطی، جنوبی،شمالی، کورنگی، قائدین،گلبرگ اورشرقی کے اضلاع شامل ہیں،اپنی سیٹیں واپس لیں گے، الیکشن کمیشن فارم 45کے مطابق درست نتائج جاری کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فارم 45 ہیں ،جس میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں صرف جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں نے ہی جیتی ہیں۔