کراچی(نیوز ڈیسک)انجمن اساتذہ،وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے انتظامی دفاتر کو اسلام آباد منتقل کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی سے اردو یونیورسٹی کے انتظامی دفاتر کی منتقلی سے باز رہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں نگران حکومت نے اپنی آئینی ذمہ داری مکمل کرلی ہے۔ ملک میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور نئی آئینی عوامی حکومت چند ہفتوں میں ذمہ داریاں سنبھال لے گی۔نگران حکومت کا اپنے دور کے انتہائی آخری ایام میں کراچی کے قدیم تعلیمی ادارے کے انتظامی دفاتر کو اسلام آباد منتقل کرنے کی کوشش کرنا، ناقابل فہم ہے۔ 2002 میں کراچی کی قدیم تعلیمی درسگاہ وفاقی اردو کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تھا۔ اردو یونیورسٹی کراچی میں اردو زبان بولنے والی شہریوں کے لیے مادر علمی کا درجہ رکھتی ہے۔