کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ایک ہفتے کے دوران سرکاری اسپتالوں میں آتشزدگی کے دو واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ پہلا واقعہ اتوار کو سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں پیش آیا جس میں ایک ملازم جھلس کر جاں بحق ہواجبکہ5کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسرا واقعہ بدھ کو سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال میں رونما ہو ا اورآگ بھڑکنے سے پوری منزل پر دھواں بھرگیا جبکہ مریضوں کی حالت غیر ہوگئی تاہم آگ پر قابو پالیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سلسلے میں ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے 12 فروری کو اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں آگ بجھانے کے آلات و انتظامات کی تفصیل ایک دن کے اند ر طلب کی تھی لیکن ذرائع کے مطابق دو روز گزرنے کے باوجود انہیں حتمیٰ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی۔ کئی اسپتالوں اور ڈی ایچ اوز کی جانب سے تاحال تفصیلاتفراہم نہیں کی گئیں۔