کوئٹہ(خ ن)ناقص و مضر خوراک کی فراہمی کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 15 جبکہ ژوب بازار میں 5 اشیاء خوردونوش کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے تجارتی مرکز مسجد روڈ میں بی ایف اے حکام نےچیکنگ کرتے ہوئے قوانین کے مطابق اشیاء پر لیبلنگ نہ ہونے پر ایک معروف فوڈ کمپنی کو شو کاز نوٹس جاری کیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک مصالحہ شاپ ،ایک نمکو شاپ اور ایک جنرل اسٹور کے خلاف کارروائی کی گئی ۔مصالحہ شاپ سے چائنیز نمک کی بڑی مقدار برآمد ہوئی جبکہ پاپڑ کارخانہ کے خلاف پیکنگ پر غلط لیبلنگ ، ایکسپائری تواریخ و لیب رپورٹس کی عدم موجودگی ، گودام میں صفائی کے انتہائی نامناسب انتظامات اور ورکرز کی ذاتی صفائی و دستانے ماسک وغیرہ نہ ہونے پر ایکشن لیا گیا ، آر او پلانٹ پر واٹر پراسیسنگ میں زیر استعمال کیمیکلز پر ایکسپائری ڈیٹ نہ ہونے ، پیکنگ پر کراچی کا ایڈریس اور رجسٹریشن و لیب رپورٹس کی عدم دستیابی پر جرمانہ عائد کیا گیا ۔اسی طرح فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر بروری میں 4 ، ائیرپورٹ روڈ میں بھی 4 جبکہ سرکی روڈ میں 2 خوراک کے مراکز مالکان کو جرمانہ کیا گیا ۔علاوہ ازیں ژوب مرکزی بازار میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بی ایف اے ڈویژنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ہوٹلوں اور ایک جنرل اسٹور پر جرمانے عائد کئے، ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات ناقص ، برتن ٹوٹے ہوئے اور آلودہ جبکہ صارفین کو فراہم کئے جانے والا پانی بھی آلودہ و غیر صحت بخش پایا گیا ۔۔جنرل اسٹور مالک کے خلاف زائد المیعاد مصنوعات اور پابندی عائد پان پراگ گٹکا کے فروخت پر کارروائی کی گئی ، دونوں اضلاع میں بی ایف اے انسپکشن ٹیموں نے مراکز سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ و مضر صحت اور پابندی عائد مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کی۔