ملتان ( سٹاف رپورٹر) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ امسال 10 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت متوقع ہے۔ اس سلسلہ میں کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کی جائے اور انہیں صرف ٹرپل جین اقسام کی کاشت بارے ترغیب دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگریکلچر سیکرٹریٹ میں کپاس کی اگیتی کاشت کے سلسلہ میں بیج کی دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کپاس کی اگیتی فصل سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے منظور شدہ ٹرپل جین اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں اور غیرقانونی بیج کی خریداری سے اجتناب کریں۔