• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کے شعور اور لاشعور کی رغبت اللّٰہ کی طرف ہونا عبادت ہے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری، ڈبلن میں کانفرنس

ڈبلن ( کاشف عزیز بھٹہ ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اس کانفرنس کے مہمان خصوصی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری تھے آپ کے ہمراہ آپ کے پوتے شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری بھی تھے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا آئرلینڈ کا یہ پہلا تحریکی اور تنظیمی دوراہ تھا ۔ کانفرنس میں سفارتخانہ ڈبلن کے ہیڈ آف چانسری شاہد اقبال اور سفارتخانہ ڈبلن کے ہیڈ آف مشن ڈاکٹر کاظم شریف کاظمی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی آئرلینڈ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے آئرش، پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز کے خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ برطانیہ ، فرانس اور اسپین سے بھی خواتین و حضرات اس کانفرنس میں شریک تھے ۔کانفرنس کا آغاز حافظ تنویر حسین نے صحیفہ انقلاب قرآن مجید فرقان حمید کی آیات سے کیا ۔رانا محمد احسن اور محمد شفا نے حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ اس کانفرنس کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مبین حسین نے ادا کیے۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے آئرلینڈ اور دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے تحریکی اور تنظیمی کام پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری عالم انسانیت کو مکین گنبد خضرا کی عطا کردہ آفاقی ہدایت کی روشنی کا پیغام دے رہی ہے ۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انسان اور اخلاق کے موضوع پر نہایت علمی ، فکری اور روحانی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان جسم اور روح کا مجموعہ ہے انسان کا جسم جو کہ مادہ پرستی اور عزت و وقار ، رتبہ،مال و دولت اور دنیا کی آسائش چاہتا ہے اس کے برعکس روح اللّٰہ کا قرب چاہتی ہے روح مال و دولت مقام و مرتبہ اور آسائش کی نفی کرتے ہوئے اللّٰہ کی رضا اور قرب چاہتی ہے ۔اگر انسان جسم کی خواہشات کو ماننا شروع کر دے تو وہ حیوانیت اور پھر شیطانیت کی طرف چلا جاتا ہے جو کہ مکمل تباہی اور بربادی ہے تو دوسری طرف اگر روح کی طرف توجہ دے اور اس کو پروان چڑھائے تو روحانیت ،ملکیت اور ربانیت کی طرف پرواز کرتا ہے روحانیت نہ ہو تو عبادت بھی عبادت نہیں اور عبادت یہ ہے کہ انسان کے شعور اور لاشعور کی رغبت اللّٰہ کی طرف ہو انسان روحانیت سے ایک قدم ملاکیت جس میں انسان کی صفات فرشتوں کی طرح ان کے وجود کا مقصد حیات صرف مولا کی رضا ہوتی ہے وہ ہر کام میں صبر سے کام لیتا ہے پھر اس سے آگے ربانیت ہے جس سے انسان کے اندر اللّٰہ کی صفات جلوہ گر ہونا شروع ہو جاتی ہیں ۔ آخر میں تحریک منہاج القرآن کی تاحیات ممبر شپ لینے والوں میں شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے اسناد تقسیم کی۔اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے علاوہ منہاج ویلفیئر کا بھی سٹال لگایا گیا جس پر حاضرین نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کئی کتب کی خریدداری بھی کی۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے انگریزی ترجمہ قرآن The Manifest Quran حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا۔

یورپ سے سے مزید