کراچی(نیوزڈیسک) امریکی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست کولوراڈو میں صدارتی انتخابات کے لیے پرائمری بیلیٹنگ میں حصہ لینے کا اہل قرار دے دیا۔ اس فیصلے سے ٹرمپ کے صدارتی انتخاب لڑنے کی راہ میں رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔ امریکی سپریم کورٹ نے ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ کا 19 دسمبر 2023 کو دیا گیا فیصلہ متفقہ طور پر کالعدم قرار دے دیا جس میں امریکی آئین کی 14 ویں ترمیم کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو کولوراڈو سے ملکی صدر کے عہدے کے لیے پرائمری بیلیٹنگ میں حصہ لینے کیلیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔امریکی آئین کی 14 ویں ترمیم کے تحت بغاوت میں ملوث ہونے پر کوئی بھی شخص عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار پاتا ہے۔واضح رہے کہ کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ 6 جنوری 2021 کو کیپٹل ہل پر ہونے والی ہنگامی آرائی میں لوگوں کو شورش پر اکسانے میں ملوث تھے۔ اس وقت ٹرمپ صدر تھے اورکیپٹل ہل پرحملے کا مقصد کانگریس کو صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی فتح کی توثیق کرنے سے روکنا تھا۔